کمشنر ہزارہ کی جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

کمشنر ہزارہ کی جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ہزارہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع میں جاری تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ جشنِ آزادی کی تمام تقریبات صوبائی حکومت کی جاری کردہ ہدایات کے عین مطابق منعقد کی جائیں۔ انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی کھیلوں کو اجاگر کیا جائے اور دیگر اضلاع سے بھی ٹیموں کو دعوت دی جائے تاکہ تقریبات کو بھرپور اور ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
معرکہ حق پروگرامز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے شہداء کی فیملیز اور غازیوں کو، جن میں پاک فوج، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار شامل ہوں، مرکزی تقریبات میں خصوصی طور پر مدعو کریں تاکہ ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یتیم خانوں، نابینا بچوں اور زمونگ کور کے بچوں کو دیگر سکولوں کے بچوں کے ساتھ مرکزی تقریبات میں شریک کیا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ بھی قومی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ہمیں حکومت نے اس لیے تعینات کیا ہے کہ ہم عوام کو بہتر سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی دفاتر میں ایسا سازگار ماحول پیدا کیا جائے کہ عوام بلا جھجک وہاں آئیں، سرکاری اداروں پر ان کا اعتماد بحال ہو اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔


