ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کا نمازِ تراویح کے دوران مساجد کا دورہ، سکیورٹی سخت
عبادت گزاروں کو پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح قرار، پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ہارون رشید خان نے نمازِ تراویح کے اوقات میں شہر کی مختلف مساجد کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مساجد کے اطراف تعینات پولیس افسران و جوانوں کی ڈیوٹی چیک کی اور سکیورٹی کے مجموعی نظام کا معائنہ کیا۔
ڈی پی او نے داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی پوائنٹس اور گشت کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل طور پر چوکس رہیں، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عبادات کے دوران نمازیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ایبٹ آباد میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیشِ نظر سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او نے پولیس افسران کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی اعتماد ہی مؤثر پولیسنگ کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ موبائل گشت اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی پی او ہارون رشید خان نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن


