
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخرجہان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلبہ کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کیلئے ایک اہم امر ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے نوجوانوں میں اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھر پور حوصلہ افزائی کررہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مادر علمی جامعہ پشاور کے ذیلی ادارے یونیورسٹی ماڈل سکول میں بچیوں کے سالانہ سپورٹس تقریبات کا اہتمام اس ادارے کاایک منفرد کارنامہ ہے جو بچیوں کو کھیل اور جسمانی صحت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک مفید کوشش ہے۔انھوں نے یونیورسٹی ماڈل سکول پشاور یونیورسٹی میں بچیوں کی سہولت کیلئے بیڈ منٹن ہال،فیمیل اوپن جم،باسکٹ بال کورٹ کے قیام کا اعلان کیا اور متعلقہ تعلیمی ادارے کی ہونہار سپورٹس بچیوں کو سکالرشپ کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ان خیالات کا اظہار انھوں بدھ کے روز پشاور یونیورسٹی میں یونیورسٹی ماڈل سکول گرلز سیکشن کے تحت 69 ویں سالانہ سپورٹس ڈے کی پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی،پرنسپل یونیورسٹی ماڈل سکول ڈاکٹر منیر،پرنسپل یونیورسٹی ماڈل سکول گرلز سیکشن سیدہ صفیہ فضل،ڈائریکٹر جنرل حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید سمیت ادارے کی طالبات،کھلاڑیوں،تدریسی عملے اور والدین نے شرکت کی۔ یونیورسٹی ماڈل سکول کے 69 ویں سالانہ سپورٹس ڈے تقریب میں بچیوں نے پی ٹی اور مارچ فاسٹ کا بہترین مظاہرہ کیا اور صوبائی وزیر کو ادارہ ہذا میں اتھلیٹکس،دیگر کھیلوں اور جسمانی فٹنس کی سرگرمیوں میں منعقد کیئے گئے مقابلوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر ان کھیلوں میں حصہ لینے والی طالبات کی چار ہاؤسز کیلئے انفرادی طور پر 50،50 ہزار روپے انعامات کا اعلان بھی کیا جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیئے۔ منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری بچیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور حالیہ قائد اعظم انٹر پراونشل گیمز میں زیادہ تر خواتین اور بچیوں نے حصہ لیا ہے اور عمومی طور پر مختلف کھیلوں میں وہ جیت رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ متعلقہ تعلیمی ادارے میں سپورٹس سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔تقریب سے وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ یونیورسٹی ماڈل سکول کا قیام 1955 میں عمل میں لایا گیا اور اس ادارے کے اساتذہ کرام نے طلبہ وطالبات کی تعلیمی آبیاری کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ سکول کے مسائل کو حل کرنے میں جتنی بھی ہو سکیں وہ اپنی کوششیں کریں گے۔تقریب سے سکول کی سپورٹس انچارج سعدیہ گل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناں، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی کی جانب سے سوینئرپیش کی جبکہ پرنسپل گرلز سیکشن سیدہ صفیہ فضل نے وی سی کو سکول کی جانب سے سوینئر کا تحفہ دے دیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے متعلقہ سکول کے سپورٹس ڈے کے حوالے سے کیک بھی کاٹا۔


