ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بالاکوٹ کی سیکیورٹی کا جامع جائزہ، ڈی آئی جی ہزارہ کا دورہ
ڈورون کیمرے سے مانیٹرنگ، موک ایکسرسائز کی نگرانی، چائنیز عہدیداران سے اہم ملاقات اور سخت ہدایات جاری

ناصر محمود ستی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ، نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بالاکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے پراجیکٹ سائیٹ اور چائنیز کیمپ کے سیکیورٹی انتظامات کا ہمہ جہتی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی اور ڈرون کیمرے کے ذریعے سائیٹ کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، واچ ٹاورز اور چائنیز کیمپ کی فضائی نگرانی کی گئی۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے سیکیورٹی کنٹرول روم، سی سی ٹی وی روم اور بنکر روم کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود آلات و نفری کی تیاری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منعقدہ موک ایکسرسائز کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے انہوں نے سیکیورٹی ردعمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کے ہمراہ محمد عباس (ایس پی ایس ایس یو) بھی موجود تھے جنہوں نے مجموعی سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیکیورٹی میں کسی قسم کی کمی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ افسران باقاعدگی سے سائیٹ کا دورہ کریں، چائنیز عہدیداران سے ملاقاتیں کریں اور سیکیورٹی معاملات پر رپورٹ مرتب کرکے ان کے دفتر ارسال کریں۔ دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سی سی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے پراجیکٹ سائیٹ اور اس کے گردونواح میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کیے جائیں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ تمام ورکرز کا مکمل ڈیٹا متعلقہ تھانے اور سیکیورٹی افسران کے پاس موجود ہو جبکہ وزیٹر ڈیٹا بیس کی باقاعدہ تکمیل اور تصدیق یقینی بنائی جائے۔
ڈی آئی جی نے مزید ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع ایمرجنسی رسپانس پلان تیار کرکے نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے اور تمام عملے کو اس بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی صرف نفری بڑھانے سے نہیں بلکہ مؤثر حکمت عملی، بروقت معلومات اور مربوط کوآرڈینیشن سے مضبوط ہوتی ہے۔
بعد ازاں ڈی آئی جی ہزارہ نے چائنیز عہدیداران سے علیحدہ ملاقات کی جس میں ترقیاتی پراجیکٹ کی پیش رفت اور خصوصاً سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چائنیز ماہرین اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت خیبرپختونخوا اور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چائنیز عہدیداران نے فراہم کردہ سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تعاون کو سراہا اور ڈی آئی جی ہزارہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی رابطے اور تعاون سے پراجیکٹ کی تکمیل اور سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
یہ دورہ نہ صرف سیکیورٹی نظام کے عملی جائزے کا عکاس تھا بلکہ اس عزم کا اظہار بھی کہ اہم قومی و بین الاقوامی نوعیت کے منصوبوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
رپورٹ: عبدالمومن


