ہارون رشید خان کی ہدایات پر ایبٹ آباد میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مطلوب کار لفٹر گرفتار
علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں کارروائی، 2475 گرام ہیروئن اور 915 گرام آئس برآمد، مقدمہ درج

ضلعی پولیس سربراہ ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس پی کینٹ ڈویژن علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کیڈٹ قمر شہزاد نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت رفیع خاور ولد فضل داد سکنہ جوگن نواں شہر کے نام سے ہوئی ہے، جو کار لفٹنگ اور منشیات فروشی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
تلاشی کے دوران ملزم کے قبضہ سے 2475 گرام ہیروئن اور 915 گرام آئس برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لے کر تھانہ نواں شہر میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عرصہ دراز سے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث تھا اور نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے کا سبب بن رہا تھا۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔
ایبٹ آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گردونواح میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو منشیات اور جرائم سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔
رپورٹ: عبدالمومن


