سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان 2021 کے تحت مرکزی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انفارمیشن ڈومین کے لیے تیار کردہ جامع پلان آف ایکشن کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ جامع پلان آف ایکشن کو آر این اے پی سیکریٹریٹ کے ذریعے وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا تاکہ قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران آر این اے پی 2021 کے انفارمیشن ڈومین کے تحت صوبائی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر عمل درآمد کی پیش رفت کا سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ لینے اور باقاعدہ رپورٹنگ جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ طے شدہ اہداف کے حصول کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔
اجلاس میں الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور آؤٹ ڈور میڈیا کے ذریعے مربوط اور منظم مہمات چلانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلموں اور دستاویزی پروگراموں کے ذریعے قومی بیانیے کو مستحکم کرنے اور “معرکۂ حق” کے بعد دشمن کے بیانیے کا مدلل اور مؤثر توڑ کرنے کے لیے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان نسل تک مثبت اور تعمیری پیغام پہنچایا جائے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامع ایکشن پلان میں متحدہ قومی بیانیے کی تشکیل، پاکستانی شناخت اور پیغامِ پاکستان کے فروغ، انتہاپسندی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا مؤثر جواب، ڈیجیٹل احتساب اور عوامی آگاہی جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی بیانیے کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی بیانیہ ملک میں امن، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا ضامن بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت آر این اے پی 2021 کے تحت اپنی ذمہ داری پوری سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور انفارمیشن ڈومین میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو قابلِ پیمائش اور دیرپا نتائج کے حامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک متحد قومی بیانیہ ہی دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے سکتا ہے اور نئی نسل کو مثبت اور تعمیری سمت فراہم کر سکتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ قومی سلامتی، امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وفاقی ہدایات کے مطابق بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور قومی ایکشن پلان کے اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی۔
رپورٹ: عبدالمومن



