عمر ایسوسی ایٹس اور وائی جے اسپورٹس کی ونگ 999 انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی
شہر یار غنی، ہریر شاہد،عادل حسین اور قادر خان کی شاندار بیٹنگ
کراچی/اسپورٹس رپورٹر)ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ونگ 999 اسپورٹس کے تعاون سے جاری ونگ 999 انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں عمر ایسوسی ایٹس نے گروپ "بی” کے اپنے آخری میچ میں ون ٹین کمیونیکیشن کو 63 رنز سے شکست دے کر گروپ کے تمام میچز جیت کر پہلی اور وائی جے اسپورٹس نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ ہریر شاہد نے 11 چوکوں کی مدد سے 67، قادر خان نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63، عاشر احمد نے 5 چوکوں کی مدد سے 44، عدیل میو نے 32 اور ارباز خان نے 25 رنز بنائے۔ فیاض حسین نے 30 اور فرید شاہ نے 38 رنز دیکر 3-3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ون ٹین کمیونیکیشن 211 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ شہر یار غنی نے 7 چوکوں 3 چھکوں کی مدد سے 74 اور عادل حسین نے 3 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 65 رنز بنائے۔ رائٹ آرم لیگ اسپنر عبدل معیز نے 55 رنز دیکر 4 جبکہ عارف یعقوب، عدیل میو اور جواد احمد 2-2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ واضح رہے کہ وائی جے اسپورٹس نے ایپی فارم کو ہرا کر گروپ سے دوسری پوزیشن حاصل کی۔


