چھٹی ساؤتھ ایشیئن سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ میں پاکستان سیپاک ٹاکرا کی مینز اور ویمنز ٹیم نے تینوں ایونٹس میں کانسی کے تمغے جیت لئے

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)چھٹی ساؤتھ ایشین سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ سری لنکا کے شہر کولمبو میں 7 سے 9 فروری تک منعقد ہوئی، جس میں پاکستان، انڈیا، نیپال اور سری لنکا کی ٹیموں نے شرکت کی۔ پاکستان کی ٹیم نے تین ایونٹس میں شرکت کی اور تینوں ایونٹس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ پاکستان ویمنز کی ٹیم نے سری لنکا کی ٹیم کو ریگو ایونٹ میں باآسانی شکست دی جبکہ مینز ٹیم (REGU) کا سیمی فائنل 15-13، 15-12 اور 12-15 کے اسکور سے سری لنکا سے ہار گئی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان دیدار رانی، عروج ناز، مریم بٹ، در نجف اور ارم ناز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ مینز ٹیم کے کپتان محمد خالد ،سرفراز رحمان، فرحان، بالاج خان، نعمان عالم اور انس رحمان نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ٹیم کے کوچ محمد سلیم اور مریم کیریو نے کہا کہ ہماری دونوں ٹیموں نے بہت اچھا کھیلا، خاص طور پر ویمنز کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ اس سال ہونے والے ورلڈ کپ اور کنگز کپ میں ہماری ٹیمیں میڈل حاصل کریں گی۔ ٹیم کے سربراہ دین محمد کیریو نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں ہماری ٹیمیں ہماری امیدوں پر پورا اتری ہیں۔ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر سردار محمد خان، سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت، سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف حفیظ، صدر شبیر احمد اور دیگر نے پاکستان ٹیم کو کانسی کا تمغہ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔



