ایبٹ آباد میں خصوصی افراد کے لیے ویل چیئرز کی تقسیم
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ازکی فاطمہ کی زیر نگرانی 12 مستحق افراد میں ویل چیئرز فراہم

حکومت خیبر پختونخوا کے تحت ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ نمبر 195 کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ازکی فاطمہ نے مستحق اور خصوصی افراد میں ویل چیئرز تقسیم کیں۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 12 ویل چیئرز مستحق افراد میں فراہم کی گئیں تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں نقل و حرکت میں آسانی میسر آ سکے۔ اس اقدام کا مقصد خصوصی افراد کو خودمختار اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ازکی فاطمہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق شہریوں کی مدد اور سہولت کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مند افراد کی معاونت کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک سہولیات پہنچائی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں سے ہی معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد عوامی خدمت اور سماجی بہبود کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ضرورت مند اور خصوصی افراد کی معاونت کے لیے پُرعزم ہے، اور اس حوالے سے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں تاکہ کوئی بھی مستحق فرد سہولیات سے محروم نہ رہے۔
رپورٹ: عبدالمومن


