تحصیل بالاکوٹ میں رمضان شکایات ڈیسک فعال، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا دورہ
گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے عزم کا اعادہ

حکومت خیبر پختونخوا کے ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری ہینڈ آؤٹ نمبر 179 کے مطابق ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل نے تحصیل بالاکوٹ میں قائم رمضان شکایات ڈیسک کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے نظام کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران موصول ہونے والی شکایات، خصوصاً اوور پرائسنگ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شکایات کے اندراج کے فوراً بعد متعلقہ ٹیمیں متحرک ہو جاتی ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ شکایات کے اندراج اور ان پر عملدرآمد کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو الرٹ رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی صورت گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی منصفانہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنائے گی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف میسر آ سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن


