قومی

کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے نئی بسوں کے اجراء کا فیصلہ، ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام تیز کرنے کی ہدایت

کراچی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس؛ ٹرانس کراچی کی بریفنگ، جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے مزید نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہر میں جاری بی آر ٹی منصوبوں، عوامی سہولتوں اور ٹریفک مسائل کے حل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، پی ڈی یلو لائن کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو سمیت متعلقہ انجینئرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ سی ای او ٹرانس کراچی نے اجلاس کو ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ اہداف سے آگاہ کیا۔

سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کوریڈور کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات، ٹریفک جام اور روزمرہ کی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ تمام متعلقہ اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

شرجیل انعام میمن نے تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مؤثر آگہی مہم کو مزید فعال بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو بروقت معلومات فراہم ہوں۔

نئی بسوں کے آغاز کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے روٹس کو ترجیح دی جائے جہاں عوام کو سب سے زیادہ سفری مسائل درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بس سروس میں توسیع سے شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی، جو شہر کی معاشی و سماجی سرگرمیوں میں بہتری کا باعث بنے گی۔

مزید برآں، سینئر وزیر نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، اور بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کا آغاز شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button