سرعام تشدد اور فائرنگ کا واقعہ، ملزمان گرفتار
ایوب میڈیکل کمپلیکس کے باہر شہری پر حملہ، ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس کی فوری کارروائی

ایبٹ آباد میں ایوب میڈیکل کمپلیکس کے باہر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے اور فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پولیس متحرک ہوگئی اور تھانہ میرپور کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں حمزہ ولد شیرافضل اور شہریار عرف شیری ولد افسر ساکنان میرپور شامل ہیں۔ ملزمان نے 42 سالہ عدنان خان ولد میرافضل پر حملہ کیا، اسے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ بھی کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ میرپور کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف دفعہ 324/34 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ہر واقعے پر فوری ایکشن لیا جائے گا تاکہ عوام کو فوری انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن


