قومی

تحصیل سپین وام میں ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت یقینی بنانے کا اعلان

کمشنر بنوں ڈویژن بنوں خالد محمود سے طوری میرعلی کے وفد کی ملاقات، مبینہ خردبرد کی تحقیقات کی یقین دہانی

بنوں (نمائندہ خصوصی) طوری میرعلی کے ایک وفد نے ملک ولی اللہ کی قیادت میں کمشنر بنوں ڈویژن خالد محمود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تحصیل سپین وام میں نجی کمپنیوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان میں مبینہ خردبرد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ علاقے میں جاری بعض ترقیاتی کاموں میں شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم بھی موجود تھے۔ وفد نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ منصوبوں کی غیر جانبدارانہ اور جامع جانچ پڑتال کرائی جائے تاکہ اگر کسی سطح پر بے ضابطگی یا خردبرد ہوئی ہے تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

کمشنر بنوں ڈویژن خالد محمود نے وفد کو یقین دلایا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور مبینہ خردبرد کے معاملے پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت طوری میرعلی قوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی اور سرکاری وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفد نے کمشنر کو باقاعدہ درخواست بھی پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوامی مسائل کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مؤثر شنوائی یقینی بنائیں گے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں عوامی مفاد کے تحفظ اور شفاف طرزِ حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button