کمشنر آفس جہلم میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی اہم پریس کانفرنس، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان
واسا کے 8 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ، 63 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک، نئے ڈسپوزل اسٹیشنز اور “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی و خوبصورتی کے اقدامات تیز

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کمشنر آفس جہلم میں ایک اہم اور پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع جہلم کے لیے اربوں روپے مالیت کے تاریخی ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے ضلع میں ترقی کا ایک نیا باب شروع ہو چکا ہے جس کے ثمرات عوام تک براہِ راست پہنچیں گے۔
وزیر مملکت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل کے لیے واسا کا 8 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 63 کلومیٹر طویل سیوریج نیٹ ورک پر کام کیا جائے گا۔ منصوبے میں 11 کلومیٹر پرانی لائنوں کی مرمت اور بحالی جبکہ 61 کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھانے کا عمل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جامع منصوبے سے نہ صرف نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا بلکہ شہری علاقوں میں ماحولیاتی بہتری بھی آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے شہر بھر میں 2500 نئے مین ہولز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کے بہتر اخراج کے لیے تین جدید ڈسپوزل اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے، جو بارشوں کے موسم میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل فراہم کریں گے۔
للہ جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے پر بات کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شاہراہ کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری انتظامی و مالی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان تمام منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فنڈز کا درست استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اختتام پر وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت جہلم کے گلی محلوں کی صفائی، خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا مقصد محض منصوبوں کا اعلان نہیں بلکہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری صحافت ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
رپورٹ: عبدالمومن



