قومی

ملیر میں ٹریفک کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب اہم قدم، وزیراعلیٰ سندھ آج ریلوے کراسنگ کا افتتاح کریں گے

سید مراد علی شاہ سہ پہر 3 بجے بھینس کالونی میں کے ایم سی کے تعمیر کردہ منصوبے کا افتتاح کریں گے، میڈیا سے گفتگو بھی متوقع

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج اتوار، 15 فروری 2026ء کو ملیر کے علاقے بھینس کالونی میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے تعمیر کردہ نئی ریلوے کراسنگ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس حوالے سے ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ افتتاحی تقریب سہ پہر 3 بجے مہران ہائی وے، بھینس کالونی میں منعقد ہوگی۔

یہ منصوبہ ملیر اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ بھینس کالونی اور مہران ہائی وے کے اطراف روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں، مال بردار ٹرک اور موٹر سائیکلیں گزرتی ہیں، جس کے باعث ریلوے لائن کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی رہی ہے۔ نئی تعمیر شدہ ریلوے کراسنگ سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ افتتاح کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کریں گے، جس میں وہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن سے متعلق حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔ امکان ہے کہ وہ کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ اور شہری منصوبہ بندی سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی ذکر کریں گے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے صحافیوں اور تمام میڈیا ہاؤسز سے تقریب کی براہِ راست کوریج کی درخواست کی ہے تاکہ عوام تک منصوبے کی تفصیلات بروقت پہنچائی جا سکیں۔ حکومت سندھ کا مؤقف ہے کہ شہری مسائل کے حل اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، اور یہ منصوبہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں ٹریفک کے مسائل طویل عرصے سے شہریوں کے لیے باعثِ پریشانی رہے ہیں، جس کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بھینس کالونی میں ریلوے کراسنگ کی تعمیر کو مقامی سطح پر ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button