لوئیر دیر میں حیات کالج آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ تیمرگرہ کی شاندار کانووکیشن، 50 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض
بی ایس نرسنگ مکمل کرنے والے گریجویٹس کے اعزاز میں پروقار تقریب، نمایاں پوزیشن ہولڈر حمزہ خان کو تین لاکھ روپے کا چیک

لوئیر دیر میں صحت کے شعبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر حیات کالج آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کے زیر اہتمام سال 2026 کی کانووکیشن تقریب نہایت شاندار اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب میں بی ایس نرسنگ پروگرام مکمل کرنے والے 50 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں، اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا اور ان کی محنت، لگن اور تعلیمی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
کانووکیشن میں کالج انتظامیہ، فیکلٹی ممبران، معزز مہمانانِ خصوصی، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہال خوشی، فخر اور جذباتی لمحات سے گونجتا رہا اور ہر طرف کامیابی کی مسرت نمایاں تھی۔ تقریب کے دوران طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور ادارے کی نمایاں کامیابیوں کو مختلف انداز میں اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر واجد علی خان، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تیمرگرہ بخت زادہ اخونزادہ، ڈائریکٹر رحمت حیات اور لیڈی لیمپ نرسنگ کالج کے ایم ڈی محمود زیب نے کہا کہ نرسنگ ایک مقدس اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے جو انسانیت کی خدمت سے عبارت ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کسی بھی طبی نظام کی مضبوطی میں تربیت یافتہ اور باصلاحیت نرسز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور مریضوں کی دیکھ بھال، علاج اور بحالی میں ان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق طبی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ لوئیر دیر میں نرسنگ کالج کے قیام کا مقصد یہی تھا کہ مقامی طلبہ و طالبات کو معیاری نرسنگ تعلیم کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے بلکہ انہیں اپنے علاقے میں ہی بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ مقررین نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرتا رہے گا۔
کالج کی پرنسپل ن زاہد خان نے ادارے کی تعلیمی خدمات، تدریسی معیار اور طلبہ کی عملی تربیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کالج نہ صرف جدید نصاب فراہم کر رہا ہے بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
تقریب میں مختلف نرسنگ تنظیموں کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی خدمات کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معیاری نرسنگ تعلیم سے صحت کے نظام میں بہتری آئے گی اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حمزہ خان کو تین لاکھ روپے کا چیک دیا گیا، جس پر شرکاء نے زبردست تالیاں بجا کر ان کی کامیابی کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں اسناد، میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ والدین نے اپنے بچوں کی کامیابی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ کانووکیشن تقریب نہ صرف طلبہ کی کامیابیوں کا جشن تھی بلکہ خطے میں معیاری طبی تعلیم کے فروغ اور صحت کے شعبے کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوئی۔



