سیکریٹری کالجز سندھ ندیم میمن کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس
،صوبے بھر کی 95 جاری اور 17 نئی اسکیموں پر تفصیلی غور،24 اسکیموں کو ہر صورت جون تک مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) 2025-26 کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کی 95 جاری اور 17 نئی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر کالج ایجوکیشن ورکس، متعلقہ سپرنٹنڈنگ و ایگزیکٹو انجینئرز، اسسٹنٹ انجینئرز، ایڈیشنل سیکریٹری مختیار ملاح، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر اور کراچی کے افسران نے شرکت کی۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے واضح ہدایات دیتے ہوئے 24 اسکیموں کو ہر صورت جون سے پہلے مکمل کرنے اور رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں بدین کے بوائز ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر انجینئر اور پرنسپل کے تنازع کے باعث رکنے پر سیکریٹری ندیم میمن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی اسکیموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام اسکیمیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں بصورت دیگر متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ سست روی، بہانے بازی یا سیاسی دباؤ کا جواز قبول نہیں کیا جائے گا۔ کام کریں ورنہ گھر جائیں۔ حکومت فنڈز فراہم کرتی ہے اس لیے تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔ فیلڈ تنازعات فوری حل کریں۔اگر متعلقہ افسر اپنا کردار ادا نہیں کرے گا تو سخت کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں کراچی ویسٹ میں بحالی مرکز کی تکمیل آئندہ ہفتے جبکہ گھوٹکی کے ڈگری کالج دھرکی کی عمارت مئی تا جون تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عمرکوٹ گرلز کالج میں اضافی کلاس رومز و لیبارٹریز مارچ تک، نگرپارکر میں طلبہ و طالبات کے ہاسٹل بلاکس مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سیکریٹری ندیم میمن نے حیدرآباد ریجن کے 12 کالجوں میں سہولیات کی فراہمی اور اپ لفٹنگ اسکیمیں مارچ تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگلے فالو اپ اجلاس میں فزیکل پراگریس کا سخت جائزہ لیا جائے گا۔ لاڑکانہ کے ڈگری کالجوں کی سولرائزیشن اپریل تک مکمل کریں۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے انجینئرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پیشہ ور ماہرین ہیں۔ حالات کے بہانے بنانے کے بجائے تکنیکی بنیادوں پر سوچیں اور کام وقت پر مکمل کریں۔ دادو میں کیڈٹ کالج ککڑ کی اسکیم کو اولین ترجیح پر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹینڈر اور عملدرآمد تمام قوانین کے مطابق ہو مگر تاخیر ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔ کرم پور کشمور میں کیڈٹ کالج سے متعلق مسائل پر متعلقہ حکام سے اجلاس بلانے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نئی 17 اسکیموں میں لیاری، کیماڑی،مراد میمن، مسو بھورگری، سن جامشورو، چمبڑ، دینلو تھرپارکر اور دیگر علاقوں میں کالجز کے قیام، اضافی بلاکس، آڈیٹوریم ہالز، ہاسٹلز اور سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ سیکریٹری ندیم میمن نے واضح حکم دیا کہ جن اسکیموں کا ٹینڈر پراسیس مکمل نہیں ہوا اسے فوری مکمل کرکے کام کا آغاز کیا جائے۔ تمام منصوبے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے جلد از جلد مکمل کریں۔ اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ تاخیر، غفلت یا غیر سنجیدگی برداشت نہیں ہوگی۔ آئندہ اجلاس میں ہر اسکیم کی عملی پیش رفت دیکھی جائے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔



