ہزارہ

ضلع ایبٹ آباد میں فری ٹیکسٹ بک ڈسٹری بیوشن کا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایبٹ آباد نے افتتاح کر دیا

ایبٹ آباد: محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ضلع ایبٹ آباد کے سرکاری سکولوں میں مفت درسی کتب کی فراہمی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا باقاعدہ افتتاح ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر افتخار الغنی نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصیر احمد، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن عدیل انجم سمیت دیگر تعلیمی افسران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر افتخار الغنی نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت درسی کتب کی بروقت فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو تعلیمی سال کے آغاز پر ہی مکمل نصابی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور درسی کتب کی بروقت تقسیم اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
ڈی ای او نے مزید کہا کہ“ہم اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ضلع کے ہر سرکاری سکول میں زیر تعلیم تمام طلبہ کو بلا امتیاز مفت درسی کتب فراہم کی جائیں۔ کسی بھی سطح پر غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔”انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نئی کتب کے مطابق تدریسی عمل کا فوری آغاز کریں اور طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوکل پرسن عدیل انجم نے بتایا کہ تمام سکولوں میں کتب کی ترسیل کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی سکول میں کتب کی کمی نہ رہے۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ میں علامتی طور پر درسی کتب تقسیم کی گئیں جبکہ ضلع ایبٹ آباد کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں کتب کی ترسیل اور تقسیم کا باقاعدہ عمل جاری ہے۔ محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اس اقدام سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور والدین پر مالی بوجھ میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button