ہزارہ

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس

ایبٹ آباد: ماہِ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے اور شہریوں کو سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مناسب نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پولیس، محکمہ زراعت، محکمہ خوراک، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ، لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، صدر و جنرل سیکرٹری آل ٹریڈ یونین ایبٹ آباد سمیت دیگر متعلقہ افسران اور تاجر نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کریانہ آئٹمز، دودھ، دہی، دالیں، سبزیاں، گوشت، مرغی، پکوڑے، سموسے اور روٹی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں کے تعین پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مرغی اور گوشت کی فروخت سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنائی جائے اور قصاب حضرات ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریٹ لسٹ کو نمایاں اور واضح پینا فلیکس کی صورت میں دکانوں کے سامنے آویزاں کیا جائے، جبکہ رمضان کاؤنٹرز، فسیلیٹیشن ڈیسک اور ممکنہ رمضان بازار کے قیام کے ساتھ مؤثر مانیٹرنگ کا نظام فعال رکھا جائے۔ مزید برآں پرائس فکسیشن، پرائس چیکنگ اور پرائس مانیٹرنگ کے عمل کو مزید منظم اور مؤثر بنانے، ذخیرہ اندوزی و گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے قانون کے مطابق اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کو خصوصی ہدایت دی کہ دیگر شہروں کے مقابلے میں ایبٹ آباد میں متوازن اور مناسب نرخوں کا تعین یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں تاجر نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی یا گرانفروشی کی صورت میں اپنی شکایات ضلعی کنٹرول روم ایبٹ آباد (0992-93105530) یا پاکستان سٹیزن پورٹل موبائل ایپ پر درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button