ہزارہ

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت تحصیل لوئر تناول میں ریسکیو 1122 سینٹر کے قیام سے متعلق اجلاس

 

ایبٹ آباد: تحصیل لوئر تناول کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ایمرجنسی صورتحال میں بروقت اور مؤثر رسپانس یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں تحصیل لوئر تناول میں ریسکیو 1122 سینٹر کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مجوزہ سینٹر کے قیام، دستیاب وسائل اور درپیش امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے اس امر پر زور دیا کہ تحصیل لوئر تناول ایک دور افتادہ علاقہ ہے جہاں ریسکیو 1122 کی سہولت موجود نہ ہونے کے باعث ایمرجنسی حالات میں شہریوں کو شدید مشکلات اور قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے مستقل حل اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 سینٹر کا قیام ناگزیر ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ساتھ عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، چیئرمین تحصیل لوئر تناول، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ٹی ایم او لوئر تناول اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو 1122 سینٹر کے قیام کے لیے تمام ضروری امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ تحصیل لوئر تناول کے عوام کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سہولیات میسر آ سکیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button