ہزارہ

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر قیادت ضلعی پولیس افسران کیساتھ اہم ان لائن میٹنگ کا انعقاد

ملک دشمن عناصر، سنگین جرائم میں ملوث گروہ، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں، ناصر محمود ستی

 

ایبٹ آباد ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر قیادت ہزارہ کے ضلعی پولیس افسران کیساتھ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال، جرائم کے خاتمہ اور پولیس کی جانب سے عوام کو فراہم کردہ سہولیات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اہم آن لائن میٹنگ کا انعقاد۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے آن لائن میٹنگ میں ہزارہ ریجن کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری اقدامات پر ڈی پی اوز سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر، بروقت اور قانونی کارروائیاں کی جائیں۔ملک دشمن عناصر، سنگین جرائم میں ملوث گروہ، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں۔ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد و گروہوں کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔پولیس سہولت مراکز کا قیام خیبرپختونخواہ پولیس کا ایک احسن اقدام ہے آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس ذوالفقار حمید کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع کے تمام سرکلز میں مزید پولیس سہولت مراکز کے قیام کو جلد از جلد یقینی بنایا جائیں تاکہ عوام پولیس کے اس اقدام سے مستفید ہوسکیں اور پولیس سہولت مراکز میں دی جانیوالی سہولیات کومزید آسان اور موثر بنایا جائیں۔ آمدہ رمضان المبارک کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثراور منظم بنائیں تاکہ عوام کو عبادات اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ مساجد، امام بارگاہوں، تراویح کے اجتماعات، افطار پوائنٹس، بازاروں اور رش والی جگہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے۔شاپنگ مالز و دیگر خرید و فروخت والی جگہوں پر لیڈی پولیس کی گشت کو یقینی بنایا جائے۔ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔افطار اور تراویح کے اوقات میں پولیس موبائل پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔رمضان کے دوران ٹریفک کے نظام کو بہتر انداز سے رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پلان مرتب کیئے جائیں تاکہ ٹریفک روانی میں خلل پیدا نہ ہو۔ تھانہ جات کی کارکردگی، گشت کے نظام، ناکہ بندیوں اور عوامی شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دی جائے اور تھانہ سطح پر سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ڈی آئی جی ہزارہ نے مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے خصوصاً سنگین نوعیت کے مقدمات، بالخصوص قتل، اقدام قتل، اغواء، ڈکیتی، منشیات اور دیگر حساس کیسز کی تفتیش کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ مقررہ مدت کے اندر چالان جمع کروانے، شواہد کے مؤثر اندراج اور گواہوں کے بیانات بروقت قلمبند کروائے جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے اجتناب کیا جائے۔تفتیشی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص کارکردگی کے ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔گشت کے نظام کو مؤثر بنانے، رسپانس ٹائم بہتر کرنے اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات نفری کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے۔ سیکیورٹی سے متعلق تمام امور میں انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات، کوآرڈینیشن اور SOPs پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس ہمہ وقت الرٹ رہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button