قومی

آرٹس کونسل کراچی میں مزاح کے قہقہے؛ “سلیم کا تماشہ” عوامی تھیٹر فیسٹیول کی نمایاں پیشکش

معروف فنکار سلیم آفریدی کی تحریر و ہدایت میں فیملی کامیڈی ڈرامہ 7 فروری کو پیش ہوگا، شہرِ قائد کے لیے معیاری تفریح کا اہتمام

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام جاری “عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026” میں فن اور تفریح کے دلکش رنگ مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ فیسٹیول کے سلسلے میں مقبول اور پُرمزاح اسٹیج ڈرامہ “سلیم کا تماشہ” ہفتہ 7 فروری 2026 کو شام 7:30 بجے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم II میں پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈرامہ خالص فیملی انٹرٹینمنٹ پر مبنی ہے جس میں شگفتہ مکالموں اور جاندار اداکاری کے ذریعے ناظرین کو بھرپور تفریح فراہم کی جائے گی۔

ڈرامے کے مصنف اور ہدایت کار معروف فنکار سلیم آفریدی ہیں جبکہ پیشکش درِ فشاں سلیم کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ اس منفرد اسٹیج پلے کو “داستانِ مزاحیات” کا عنوان دیا گیا ہے جس میں روزمرہ زندگی کے دلچسپ پہلوؤں کو مزاح کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں سلیم آفریدی کے ساتھ صبا شیخ، شمائل خان، پریا خان، مسٹر منظور، زبیر شکور، جنگی اور ٹک ٹاک اسٹار سمیع مجاہد شامل ہیں جو اپنی شاندار پرفارمنس سے اس کھیل کو یادگار بنائیں گے۔

فیسٹیول کے انعقاد میں چیف پیٹرن شہزاد رضا، چیف آرگنائزر قربان شیخ، میڈیا کوآرڈینیٹر وسیم قریشی اور آرگنائزرز جاوید اختر و راحیل قدیر اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں جبکہ ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے فرائض سلیم گڈو انجام دے رہے ہیں۔ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) کی خصوصی کاوشوں سے یہ فیسٹیول کراچی میں تھیٹر کی روایت کو نئی زندگی دے رہا ہے۔

منتظمین کے مطابق “سلیم کا تماشہ” محض ہنسی مذاق تک محدود نہیں بلکہ اس میں طنز کے ہلکے پھلکے انداز میں معاشرتی رویوں اور انسانی کمزوریوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ آرٹس کونسل کا یہ فیسٹیول شہریوں کو مثبت تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ڈرامہ شائقین کی بڑی تعداد کو آڈیٹوریم کی جانب کھینچ لائے گا اور فیسٹیول کی کامیابی میں ایک اور یادگار باب کا اضافہ کرے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button