قومی

یومِ یکجہتیٔ کشمیر: امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر ہزارہ بھر میں بھرپور ریلیاں، ایبٹ آباد میں مرکزی اجتماع

عبدالرزاق عباسی کی قیادت میں ہزاروں افراد کی شرکت، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ

یومِ یکجہتیٔ کشمیر 5 فروری کے موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ڈویژن ہزارہ میں بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ہزارہ کا مرکزی پروگرام ایبٹ آباد میں ہوا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کی۔ اجتماع میں امیر ضلع ایبٹ آباد عبیدالرحمٰن عباسی، مقامی قائدین، کارکنان، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور مالی حمایت کو دینی و ملی فریضہ سمجھتی ہے اور یہ حمایت حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضہ بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سبب بن رہا ہے جہاں ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں اور اظہارِ رائے پر پابندیاں معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کو مظالم سے باز رکھے اور مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، اپر و لوئر کوہستان سمیت تمام اضلاع میں بھی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔ ہری پور میں جاوید اختر اور طاہر عتیق صدیقی، مانسہرہ میں غزن اقبال اور جمیل احمد جہانگیری، بٹگرام میں خالد خان اور انور بیگ جبکہ داسو اور پٹن میں شکیل احمد، مولانا ظہور الٰہی اور میراج خالد نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

ریلیوں میں شرکاء نے کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “کشمیر بنے گا پاکستان” اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ عوامی جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اور عوامِ پاکستان کشمیری بھائیوں کی آزادی تک ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button