
یومِ یکجہتی کشمیر 2026 کے موقع پر خیبر پختونخوا حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے 5 فروری کو کوہالہ پل پر منعقدہ مرکزی تقریب اور ریلی میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد کے زیرِ اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، سول سوسائٹی اور سرکاری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے قومی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف پُرجوش نعرے لگائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ 5 فروری کا دن کشمیری عوام کے ساتھ لازوال رشتے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی برادری کی توجہ کی متقاضی ہیں اور اقوامِ متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان اور خیبر پختونخوا کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گ
ارشد ایوب خان نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے پائیدار امن کی کنجی ہے اور خطے میں ترقی کا خواب اسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خود ارادیت ملے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا اور تعلیمی فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کریں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔



