ہزارہ

سحر باری کی گورنر پنجاب سے ملاقات، فن و ثقافت کے فروغ کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کلچرل وِنگ کی صدر نے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، فنکاروں کی بہبود اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا

 

کراچی  پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی صدر برائے کلچرل وِنگ، محترمہ سحر باری نے کہا ہے کہ فن و ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتے ہیں، اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فنکاروں، ادیبوں، شعرا اور ثقافتی شخصیات کو عزت و مقام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے جس عوام دوست اور روشن خیال نظریے کی بنیاد رکھی، وہ آج بھی پاکستان کے سیاسی اور ثقافتی مستقبل کی سمت متعین کر رہا ہے۔یہ بات سحر باری نے گورنر پنجاب سلیم حیدر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، فنونِ لطیفہ سے وابستہ طبقے کی سماجی و معاشی بہتری، اور نوجوان نسل کو مثبت تخلیقی مصروفیات فراہم کرنے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔محترمہ سحر باری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کلچرل وِنگ کا بنیادی مقصد پاکستان کے مختلف خطوں، زبانوں اور ثقافتوں کو ایک قومی وحدت میں جوڑنا ہےانہوں نے کہا کہ ثقافت محض تفریح نہیں بلکہ قومی شناخت کا اہم جز ہے، جو قوموں کو یکجا اور مضبوط کرتی ہے۔گورنر پنجاب سلیم حیدر کاکہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نہ صرف سیاسی محاذ پر سرگرم ہے بلکہ فنون و ثقافت کے ذریعے ایک مثبت سماجی تبدیلی لانے کے لیے بھی پُرعزم ہےانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کلچرل وِنگ پنجاب، صوبے کے تمام شہروں اور اضلاع میں ثقافتی میلوں، آرٹ ایگزیبیشنز، مشاعروں، ڈراموں اور موسیقی کی محفلوں کے ذریعےنوجوانوں میں امید، یکجہتی اور تخلیقی سوچ کو فروغ دے گا۔سحرباری نے کہا کہ فنکار معاشرے کے اصل سفیر ہوتے ہیں، جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے امن، محبت اور بھائی چارے کاپیغام دیتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں، مصوروں، شاعروں اور ادیبوں کے لیے خصوصی فنڈز قائم کیے جائیں تاکہ وہ بلا خوف و فکر اپنے فن کو آگے بڑھا سکیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کلچرل وِنگ کی تنظیم نو کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان طبقہ اس میں شامل ہو اور اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کرے۔گورنر پنجاب سلیم حیدر کا خراجِ تحسین اور تعاون کی یقین دہانی گورنر پنجاب سلیم حیدر نے ملاقات کے دوران محترمہ سحر باری کے ثقافتی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو صوبے میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دے۔انہوں نے کہا کہ فن و ثقافت معاشرتی ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کا موثر ذریعہ ہیں، اور حکومت ایسے تمام منصوبوں کے لیے ادارہ جاتی تعاون فراہم کرے گی

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button