ہزارہ

جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن آج مانسہرہ کے ٹھاکرہ کرکٹ اسٹیڈیم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بنو قابل پروگرام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن آج مانسہرہ کے ٹھاکرہ کرکٹ اسٹیڈیم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بنو قابل پروگرام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام ہزارہ ڈویژن میں نوجوانوں کی فنی تربیت اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی کے زیر نگرانی ہونے والے پروگرام میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ شرکت کے لیے ضلع مانسہرہ کے ساتھ ساتھ ہری پور ایبٹ آباد، بٹگرام، تورغر اور آس پاس کے علاقوں سے بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد متوقع ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق بنو قابل پاکستان کا سب سے بڑا مفت آئی ٹی ٹریننگ پروگرام ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو جدید علوم، ویب ڈیولپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور دیگر فنی صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ وہ خود کفالت حاصل کر سکیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں۔ پروگرام کی رجسٹریشن 25 ستمبر تک جاری رہی جس کے دوران ہزاروں بچوں اور بچیوں نے اپنی شرکت یقینی بنائی۔ داخلہ ٹیسٹ 3 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن مانسہرہ کے ترجمان کے مطابق یہ پروگرام کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں زبردست کامیابی کے بعد اب ہزارہ ڈویژن میں شروع کیا جا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن اپنے خطاب میں نوجوانوں کو علم، محنت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہونے کی تلقین کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ "بنو قابل پروگرام نوجوانوں کے لیے اُمید کی کرن ہے، یہ پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، جب نوجوان علم اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔”
الخدمت فاؤنڈیشن نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پروگرام میں بھرپور شرکت کریں تاکہ نوجوان نسل جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی پہچان بنا سکے۔ یہ صرف ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو پاکستان کے ہر نوجوان کو باعزت روزگار اور فنی مہارت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button