ہزارہ

نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن کی جانب سے 34 طلباء میں میرٹ اسکالرشپس تقسیم

نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب میں ایم بی بی ایس کے پہلے سال سے لے کر فائنل ایئر تک کے 34 ہونہار طلبہ و طالبات کو میرٹ اسکالرشپس سے نوازا گیا۔ یہ اسکالرشپس طلبہ کی علمی قابلیت، انتھک محنت اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دی گئیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق تھے۔جنہوں نے چیف ایگزیکٹو اے ایچ ایل ملک عبد اللطیف اعوان اور کالج کے فیکلٹی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کوسکالرشپ کے چیک پیش کیے۔
اس موقع پر پرنسپل نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کی محنت کا ثمر ہے بلکہ یہ دوسرے طلبہ کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی طلبہ کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنی منزل کی جانب بڑھنے پر آمادہ کرتی ہے۔
تقریب میں فیکلٹی ممبران، انتظامیہ اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی اور طلبہ کو نیک تمناؤں کے ساتھ مبارکباد دی۔نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن کی یہ کاوش اس کے عزم کی عکاس ہے کہ وہ نہ صرف باصلاحیت طلبہ کی مالی معاونت کرتا ہے بلکہ مستقبل کے معیاری اور ذمہ دار معالجین کی تیاری میں بھی بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button