شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور غیر یقینی صورتحال، سیاسی کارکنان کے قتل، ڈکیتی اور قربانی کے جانوروں کے چھیننے کے واقعات پر ایم پی پی کی مرکزی کمیٹی کا سخت ردعمل
وزیر اعلی سندھ واقعات کا نوٹس لیں اور عوام کا اعتماد سیکورٹی کے بہتر انتظامات سے بحال کریں۔ سیاسی کارکنان کا قتل بند کرائیں اور اس میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرائیں۔
کراچی(ایم پی پی میڈیا سیل) ایم پی پی (میری پہچان پاکستان) کی مرکزی کمیٹی نے شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور غیر یقینی صورتحال درپیش آنے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ یہ لہر بیڈ گورننس اور شہر کے حالات خراب کرنے کی سازش ہے۔ اس سے کچھ دن قبل سیاسی جماعت کا یو سی چیئرمین اور اب سیاسی جماعت کے رہنماؤں کا قتل حالات خراب کرنے کی سازش ہے جس پر محکمہ داخلہ کو فوری اور جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بدامنی کا یہ عالم ہے کہ قربانی کے جانور چھینے جا رہے ہیں۔ ڈکیتیاں سر عام ہو رہی ہیں۔کراچی دوبارہ دہشت گردوں اور کرمنلز کے نشانے پر ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اس لئے وزیر اعلی سندھ واقعات کا نوٹس لیں اور عوام کا اعتماد سیکورٹی کے بہتر انتظامات سے بحال کریں۔ سیاسی کارکنان کا قتل بند کرائیں اور اس میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔


