پاکستانی برانڈز کی کامیابی کا جشن
برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ کا سالانہ میلہ: 150 اداروں کے نمایاں برانڈز کو ایوارڈ سے نوازا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں برانڈز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "برانڈ آف دی ایئر ایوارڈز کے پندرہویں ایڈیشن” کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں صارفین کی پسندیدگی اور اعتماد حاصل کرنے والے 150 معروف اداروں اور انکے برانڈز کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی تھے، جبکہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ مہمان اعزازی تھے۔ دیگر نمایاں شخصیات میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، اور ٹی ڈی اے پی کے سابق سربراہ زبیر موتی والا شامل تھے۔اس موقع پر بزنس کمیونٹی کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا کو "نیشن پرائڈ آف پاکستان گولڈ میڈل” سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران مقامی سافٹ ویئر کمپنی "ای میجن اے آئی” کے زیر اہتمام پاکستان کے پہلے اے آئی سیکورٹی سسٹم "اے آئی گارڈ” کی باضابطہ رونمائی بھی کی گئی، جو ملک میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت اور سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برانڈ فاؤنڈیشن کے بانی اور سی ای او شیخ راشد عالم نے کہا کہ ہمارا 17 سالہ سفر وزرائے اعظم، صدور، اسپیکر قومی اسمبلی ، چئیرمن سینٹ اور دیگر اعلیٰ قومی شخصیات کی شرکت سے مزین رہا ہے۔ آج "دنیا برانڈز پاور اکنامی” کے فلسفے پر چل رہی ہے، اور ہم اس کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں کر سکتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی فارچون 500 کمپنیاں عالمی معیشت کو کنٹرول کر رہی ہیں، لہٰذا ہمیں برانڈ کلچر اکانومی اور نالج کیپیٹل ڈویلپمنٹ پر کام کرنا ہوگا۔
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کمپنیوں کو برانڈ آئیکن، فاسٹس گروئنگ، ایمرجنگ برانڈ اور ایکسپورٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے نمایاں برانڈز کو ایوارڈز دیے گئے۔اس شاندار تقریب میں مشہور اینکر وسیم بادامی، کاشیز کے کاشف اسلم، اور شیف گلزار جیسی نامور شخصیات بھی ایوارڈ وصول کرنے کے لئے موجود تھیں، جنہوں نے اس پروقار ایونٹ کو مزید یادگار بنا دیا۔ یہ تقریب نہ صرف پاکستانی برانڈز کی کامیابیوں کا اعتراف تھی، بلکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کی ایک اور کڑی بھی۔۔


