الخدمت حاجرہ حمزہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تھیلسیمیا کے متاثرہ بچوں کے 80 خاندانوں میں رمضان راشن پیکج تقسیم کر دیا گیا
ایبٹ آباد الخدمت حاجرہ حمزہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تھیلسیمیا کے متاثرہ بچوں کے 80 خاندانوں میں رمضان راشن پیکج تقسیم کر دیا گیا ۔اس حوالہ سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل ریٹائرڈ عابد لطیف خان تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سائرہ مشتاق ،پروفسیر سعید لودھی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ منیجمنٹ سائنسز ،پروفیسر جمیل انور ،میجر ریٹائرڈ محمد جاوید،پروگرام منیجر جواد تنولی ،سماجی تنظیم کے حماد جدون، حمزہ علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں اور بچیوں کے علاوہ ان کے والدین بھی شریک تھے۔مہمان خصوصی میجر جنرل ریٹائرڈ عابد لطیف خان کا کہناتھا فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے سب سے پہلا سنٹر الخدمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایبٹ آباد میں بنایا ۔جہاں 275 مریض بچوں کو رجسٹرڈ کرکے مفت علاج کی سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ تھیلسیمیا ایک لاعلاج اور موزی مرض ہے ۔معاشرے کو اس مرض سے پاک کرنے کے لئے آگہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔میجر جنرل ر عابد لطیف خان کا کہناتھا الخدمت ہاجرہ حمزہ فاؤنڈیشن میں بچوں کو خون لگانے کے علاوہ ادویات مہیا کی جاتی ہے ۔اس سنٹر کو بہت جلد بے نظیر وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا جہاں ان متاثرہ بچوں کو بہتر طبی سہولیات ملیں گی اور یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا پہلا منصوبہ ہوگا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہزارہ کی سطح پر تمام متاثرہ مریضوں کا ریکارڈ مرتب کرنا ناگزیر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے بٹگرام کے رہائشی متاثرہ ایک بچے ماجد کا راولپنڈی سے بون میرو ٹرانسپلانٹ کروایا ہے جس کی لاگت کو برداشت کرنا مریض کے لواحقین کے بس میں نہیں تھا۔کوشش ہوگی ان بچوں کے لئے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے سنٹر کی سہولت بھی فراہم کر سکیں ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ ان بچوں کے لئے ہر ماہ خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے جس کے لئے بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔اس موقع پر انہوں نے تھیلی سیمیا کے متاثرہ بچوں کے والدین کو ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن بھی تقسیم کیا اور سنٹر میں کام کرنے والے عملہ کو نقدی دی جبکہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سمیت دیگر کو شیلڈز بھی دی گئیں۔تقریب میں کامسیٹس کے پروفیسر ڈاکٹر سعید لودھی نے بلڈ ڈونیشن کے لئے یونیورسٹی میں کیمپ کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے میجر جنرل ریٹائرڈ مسز عابد لطیف نے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔


