ہزارہ

صوبے میں ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے والے افراد کو نقد انعام دیا جائے گا،مزمل اسلم

 

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے والے افراد کو نقد انعام دیا جائے گا، اور ان کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیپرا کے افسران سے ملاقات کے دوران کہی۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے عوام کی مدد لی جائے گی، اور انہیں حوصلہ افزائی کے طور پر انعامی سکیم کا حصہ بنایا جائے گا، جس کے لیے قانونی مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد یا اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا، فوزیہ اقبال نے مشیر خزانہ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ڈی جی کیپرا اور ان کی ٹیم نے کیپرا کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں کیے گئے محاصل جمع کرنے کے اعداد و شمار پیش کیے۔ بتایا گیا کہ کیپرا نے ان دو ماہ میں 7.17 ارب روپے کے محاصل جمع کیے، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے لیے کیپرا کو 35 ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 47 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ہے۔ کیپرا کے افسران نے عزم ظاہر کیا کہ نہ صرف اس ہدف کو حاصل کیا جائے گا بلکہ اس سے بڑھ کر وسائل اکٹھے کیے جائیں گے تاکہ صوبے کی ترقیاتی منصوبوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔

مشیر خزانہ نے کیپرا کی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا اور مزید بہتر کارکردگی کی تاکید کی۔ انہوں نے کیپرا افسران کو مشورہ دیا کہ وہ چھوٹے ٹیکس دہندگان کی بجائے بڑے ٹیکس دہندگان پر توجہ مرکوز کریں تاکہ محاصل میں اضافہ کیا جا سکے۔

آخر میں، مشیر خزانہ نے کیپرا کے لان میں ایک پودا بھی لگایا اور ادارے کی ماحول دوستی کو بھی سراہا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button