کیڈٹ کالج سانگھڑمیں3روزہ سانگھرائٹس ماڈل یونائیٹڈ نیشنز ایڈیشن7کاانعقاد، عملی مباحث اورپبلک اسپیکنگ قومی وعالمی مسائل کوسمجھنے،حل پیش کرنے کا اعتماد دیتے ہیں،سیکریٹری کالجزندیم میمن
طلبہ صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ عالمی سطح پر سوچنے اور قیادت کرنے کی صلاحیت حاصل کریں، سیکریٹری کالجز ندیم میمن
کراچی: کیڈٹ کالج سانگھڑ کے زیر اہتمام تین روزہ سانگھرائٹس ماڈل یونائیٹڈ نیشنز ایڈیشن VII (ایس ایم یو این-7) کا انعقاد 12 سے 14 فروری تک کیا گیا جس کی اختتامی تقریب میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمٰن میمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریبات میں ڈیبیٹس اور پبلک اسپیکنگ سیشنز کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس کا مقصد کیڈٹس میں تنقیدی سوچ، گفت و شنید، سفارتکاری، ڈیلیگیٹس کے درمیان ٹیم ورک، اور کیڈٹس کی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ تقریبات میں 8 ممتاز اداروں کے مجموعی طور پر 290 مندوبین نے شرکت کی جن میں کیڈٹ کالج پٹارو، ایس ایس ٹی پبلک اسکول رشید آباد، بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز، حیات گرلز کالج حیدرآباد، پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکول جامشورو، اسپارک اسکول اینڈ کالج حیدرآباد، زیبست یونیورسٹی کراچی اور بحریہ کالج اسلام آباد شامل تھے جبکہ 7 نامور ٹرینرز اور مقررین نے مباحثوں کا جائزہ لیا۔ مندوبین کو چھ کمیٹیوں پاکستان نیشنل اسمبلی، اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل، سوشل کلچرل اینڈ ہیومینیٹیرین کمیٹی، وزارت خارجہ، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ خواتین میں تقسیم کیا گیا جہاں انہوں نے قومی و بین الاقوامی امور پر بحث کی۔ہر کمیٹی کے نمایاں مندوبین نے اپنی قراردادوں اور مباحث کا خلاصہ پیش کیا جبکہ ہر سیشن کے بعد میڈیا بریفنگ بھی دی گئی۔ تین روزہ تقریبات میں مختلف تعلیمی اداروں کے پرنسپلز، معزز مہمانان اور علاقائی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں تنقیدی سوچ، مکالمے، قیادت اور سفارتی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں جو ایک باشعور اور ذمہ دار نسل کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ عملی مباحث اور پبلک اسپیکنگ طلبہ کو قومی و عالمی مسائل کو سمجھنے اور ان کے قابلِ عمل حل پیش کرنے کا اعتماد دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ عالمی سطح پر سوچنے اور قیادت کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کریں۔ سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کیڈٹ کالج سانگھڑ کی انتظامیہ کو شاندار اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوان ذہنوں کو مثبت سمت دیتے ہیں۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے مندوبین میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے قائداعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر قوم کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ اور بنیادی حق ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ معیاری تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے کامیابی کی راہ اختیار کریں۔ پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے میوزیکل نائٹ اور رائل ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ تقریب کے اختتام پر گروپ فوٹو اور وزیٹر بک پر دستخط کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔


