منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، 24 کلو چرس برآمد
پشاور موٹروے سروس روڈ پر ایکسائز کی کارروائی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف جاری زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اہم کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے قریب موٹروے سروس روڈ پر منشیات کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ کارروائی کے دوران ایک موٹر کار سے 24 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر اسپیشل اسکواڈ ایکسائز انٹیلیجنس نے انجام دی۔ آپریشن کی نگرانی سعود خان گنڈاپور، پراونشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس اور ماجد خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) نے کی، جبکہ اسپیشل اسکواڈ کی قیادت انسپکٹر وحید اکبر خان (ای آئی بی) نے کی۔
تفصیلات کے مطابق مشتبہ موٹر کار نمبر ACJ-206 کو روک کر تلاشی لی گئی تو گاڑی سے 24 ہزار گرام (24 کلوگرام) چرس برآمد ہوئی۔ بروقت کارروائی کے باعث منشیات کی ترسیل کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر عناصر تک بھی پہنچا جا سکے۔
محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
رپورٹ: عبدالمومن


