ہزارہ

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کا اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

قومی پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ، پولیس و پولیو اسٹاف سے ملاقات

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد گوہر علی خان کے ہمراہ ضلع ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جاری قومی پولیو مہم کے موقع پر انتظامی و سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

ڈی پی او ایبٹ آباد نے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں اور پولیو اسٹاف سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور پولیو مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔

اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیو ورکرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ایبٹ آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد نے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی، نظم و ضبط اور عوامی تعاون کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button