ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کا ضلع اپر کوہستان کا دورہ، پولیس دربار سے خطاب
سیکیورٹی کے لحاظ سے اپرکوہستان کی اہمیت اور حساسیت کا جاننا ہر پولیس آفیسر کیلئے ضروری ہے،ناصر محمود ستی

ترقیاتی منصوبوں، غیر ملکی ورکرز اور سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ڈی آئی جی ہزارہ
پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، ڈی آئی جی ہزارہ
ایبٹ آباد () ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کا دورہ اپر کوہستان ننھے بچوں نے استقبال کرتے ہوئے پھول پیش کیے، کوہستان پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ڈی آئی جی ہزارہ کو سلامی پیش کی بعد از سلامی ڈی آئی جی ہزارہ نے یادگار شہداء پولیس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر پیش کی۔پولیس لائن اپر کوہستان میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی پولیس دربار میں ڈی آئی جی ہزارہ نے پولیس افسران و اہلکاران کے پیشہ ورانہ مسائل کو سنا اور موقع پر کئی مسائل کو حل کیا گیا، دیگر مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئیں۔ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے پولیس دربار میں پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کوہستان ہزارہ بھر کے اضلاع میں سے ایک خاص مقام رکھتا ہے، اپر کوہستان میں ملکی تعمیر و ترقی کے مختلف پراجیکٹ پر کام جاری ہیں جو کہ اس ضلع کی اہمیت کو مزید بڑھا تا ہے۔ملک بھرسے اور دیگر ممالک سے آئے سیاحوں کا بھی گزر اپر کوہستا ن سے ضرور ہوتا ہے اس لئے تمام پولیس افسران کو اس کی اہمیت اور حساسیت کا جاننا اور اس کی اہمیت کا مد نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی، غیر ملکی ورکرز اور سیاحوں کا تحفظ ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے اس لئے تمام پولیس افسران و جوان اپنی ڈیوٹی میں غفلت ہر گز نہ برتیں اور دل و جان سے اپنے فرائض منصبی کو نبھائیں تاکہ محکمہ پولیس کے وقار میں مزید اضافہ ہو۔ تمام تر پراجیکٹ ہمارے ملک کی تعمیر و ترقی کا باعث ہیں اس لئے ملک دشمن عناصرپاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں ہمیں انہی کوششوں کو ناکام بنانا ہے اور دل و جان سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرنی ہے تاکہ ہم محکمہ اور ملک کیلئے وقار کا باعث بنیں نہ کے غفلت کے مرتکب بن کر ذلت کا باعث بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی پولیس آفیسر یا جوان کو کوئی بھی مسئلہ ہو،چاہے نجی ہو یا پیشہ ورانہ میرا دفتر پولیس اہلکاران کی فلاح کے لیئے کھلا ہے اور میں اپنے جوانوں کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاؤں گا۔


