پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کا عیدالفطر کرم میں فوجیوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ
سرحدی علاقوں میں امن کے عزم کا اعادہ، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق، سید عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر کرم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجیوں اور افسران کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں۔ اس موقع پر انہوں نے نماز عید ادا کی اور ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے انہیں عید کی مبارکباد دی اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں اور ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
آرمی چیف نے خصوصاً آپریشنز کے دوران جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن غضب للحق میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور سرحدی علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرحد پار موجود دہشت گرد عناصر کو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی سلامتی ان عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور جوانوں کا عزم اور جذبہ ہی پاک فوج کی اصل طاقت ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں ملک کا دفاع یقینی بناتا ہے۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے فوجیوں کے بلند حوصلے پر فخر کا اظہار کیا اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔



