پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے زیر اہتمام DOCTORSCON-2026 کی سالانہ تقریب منعقد
لاہور میں ہونے والی کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت عمران نذیر بطور مہمانِ خصوصی شریک، جہلم سے ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی قیادت میں وفد کی بھرپور شرکت

پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے زیر اہتمام DOCTORSCON-2026 کی سالانہ تقریب گزشتہ روز لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے فیملی فزیشنز اور طبی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا افتتاحی سیشن ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر رانا منظور نے انجام دیے۔
کانفرنس کے مہمانِ خصوصی عمران نذیر تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں فیملی میڈیسن کے کردار کو صحت کے نظام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی سطح پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فیملی فزیشنز کا فعال کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

مہمانانِ اعزاز میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر کامران سعید، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق عدیل، سابق صدر پی ایم اے سنٹر ڈاکٹر اشرف نظامی اور چیف کنسلٹنٹ ڈاکٹر حفیظ الرحمن شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں جدید طبی رجحانات، فیملی میڈیسن کے فروغ، اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی۔
جہلم سے ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی قیادت میں شریک ہونے والے وفد میں ڈاکٹر نذیر احمد، ڈاکٹر عباس علی، ڈاکٹر ظہور الحق کیانی، ڈاکٹر علی شوکت، ڈاکٹر توقیر، ڈاکٹر ممتاز، ڈاکٹر سرفراز خان، ڈاکٹر مظہر شبلی، ڈاکٹر منیب، ڈاکٹر ابراہیم، ڈاکٹر احمد حسن، ڈاکٹر عمر حسن، ڈاکٹر قاسم علی، ڈاکٹر سرمد حفیظ، ڈاکٹر نایاب ظفر، ڈاکٹر مسز ابراہیم، ڈاکٹر ملائکہ، ڈاکٹر مہیش، ڈاکٹر ایمن، ڈاکٹر ارشد غنی اور ڈاکٹر شاہدہ ارشد شامل تھے۔
کانفرنس کے دوران مختلف سائنسی سیشنز اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں فیملی فزیشنز کو درپیش چیلنجز، جدید تحقیق، اور مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحت کے شعبے میں اپنی خدمات مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر فوکل پرسن ڈاکٹر عباس علی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے DOCTORSCON-2026 کو پیشہ ورانہ ترقی اور باہمی رابطوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔



