قومی

جہلم میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی آگاہی مہم

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی حفاظتی بریفنگ اسکولوں اور کالجز میں

جہلم میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی آگاہی اور نفاذی مہم جاری ہے۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، سلطان احمد چوہدری کے احکامات کے تحت سیکٹر این-5 نارتھ-II میں یہ مہم سیکٹر کمانڈر ایس پی زاہد نذیر کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔

مہم کا مقصد نوجوانوں اور موٹر سائیکل سواروں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری، حفاظتی اقدامات، اور حادثات کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ موبائل ایجوکیشن یونٹ کی ٹیم نے اسکولوں اور کالجز میں طلباء کو بریفنگ دی، جس میں ہیلمٹ کا لازمی استعمال، اوور اسپیدنگ سے پرہیز، ون وے قوانین کی پابندی، سائیڈ ویو مررز کا استعمال، موٹر سائیکل کی فٹنس، ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی، مسافروں کی حفاظت اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔

مہم بیٹ 5 (مندرہ)، بیٹ 6 (سوہاوہ) اور بیٹ 7 (سرائے عالمگیر) میں جاری ہے، جہاں موٹر وے پولیس ٹیمیں قوانین کے نفاذ اور بریفنگ پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔

سیکٹر کمانڈر ایس پی زاہد نذیر نے والدین، طلباء اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں، ہیلمٹ پہنیں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ سے گریز کریں اور قوانین کی پابندی کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ یہ مہم موٹر سائیکل سواروں میں محفوظ، ذمہ دار اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کو فروغ دینے کے لیے جاری رہے گی۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button