بنوں میں پولیس تھانے کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکہ، دو افراد جاں بحق، پندرہ زخمی
میریان پولیس تھانے کے باہر موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹ گیا، بچوں سمیت شہری متاثر

ضلع بنوں کے علاقے میریان میں قائم پولیس تھانے کے مرکزی دروازے کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت کم از کم پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے لگے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو پولیس تھانے کے باہر کھڑی تھی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس موجود دکانوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زور دار آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیے۔

پولیس حکام کے مطابق تھانے کی عمارت کے باہر حفاظتی انتظامات کے تحت رکھے گئے ریت سے بھرے تھیلوں کی وجہ سے اندر موجود تمام اہلکار محفوظ رہے۔ تاہم تھانے کے باہر موجود شہری اس واقعے کی زد میں آ گئے جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔
ریسکیو اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو قریبی سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
رپورٹ: عبدالمومن


