قومی

سید مراد علی شاہ کی میئر کو ایک ماہ میں دو اہم انڈر پاس مکمل کرنے کی ہدایت

مرتضیٰ وہاب کو کریم آباد اور منور چورنگی منصوبے جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھولنے کا حکم، معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی تاکید

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مرتضیٰ وہاب کو شہر کے دو اہم انڈر پاس منصوبے ایک ماہ کے اندر مکمل کر کے عوام کے لیے کھولنے کی ہدایت جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کریم آباد انڈر پاس تقریباً 85 فیصد جبکہ منور چورنگی انڈر پاس 75 فیصد مکمل ہو چکا ہے، تاہم بعض تکنیکی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر تاخیر کا سامنا رہا۔

وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے لیکن معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانا حکومت کی ترجیح ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اجلاس میں کراچی کے دیگر ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ کے استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے۔

یہ اقدام شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button