ہزارہ

مشیر سیاحت کا خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا دورہ

ٹورازم انڈسٹری سے قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کی خطیر آمدن ہوتی ہے، صوبے کے پُرکشش سیاحتی مقامات اور آثار قدیمہ کو دنیا بھر کیلئے کھولا جا رہا ہے۔ زاہد چن زیب

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ٹورازم انڈسٹری سے ہماری قومی معیشت کو 30 ارب ڈالر کی خطیر آمدن ہوتی ہے جو ملکی جی ڈی پی کا چھ فیصد ہے۔ قدرت نے خیبر پختونخوا کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات سے بڑی فیاضی کے ساتھ نوازا ہے اور صرف اس شعبے پر توجہ دیکر صوبے کی معیشت اور یہاں کے غریب عوام کے معیار زندگی میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ شعبہ سیاحت سے اربوں روپے کی اضافی آمدن ممکن ہے جسے صوبے کی معیشت اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پشاور صدر میں خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ہیڈکوارٹر کے دورے اور اس موقع پر منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے اپنے پہلے پالیسی بیان میں واضح کیا ہے کہ وفاق سے صوبہ کے تمام جائز حقوق اور مالی وسائل واگذار کرائے جائیں گے جبکہ یہاں کے بیش بہا معدنی اور قدرتی خزانوں کو نئے جذبے کے ساتھ تلاش کیا اور بروئے کار لایا جائے گا جن میں شعبہ سیاحت بھی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں موجود پُرکشش سیاحتی، ماحولیاتی و مذہبی مقامات اور آثار قدیمہ کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے کھولنے جا رہے ہیں تاکہ ایک طرف ہماری ٹورازم انڈسٹری دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو تو دوسری طرف بین الاقوامی سطح پر ہمارا سافٹ امیج بھی روز روشن کی طرح آشکار ہو جائے۔ مشیر سیاحت نے واضح کیا کہ ماضی قریب میں دہشت گردی اور بدامنی نے عالمی سطح پر ہمارا قومی چہرہ داغدار بنا دیا تھا مگر ہماری بہادر قوم اور مسلح افواج کی قربانیاں رنگ لائی ہیں اور آج خیبر پختونخوا میں امن و آشتی کا راج ہے۔ اب ہماری توجہ قانون و انصاف کی حکمرانی اور معیشت کی بہتری پر ہوگی تاکہ عوام کو ہر حوالے سے بھرپور تحفظ کا احساس ملے اور سیاحت و ثقافت سمیت تمام شعبے اور ادارے مضبوط بن کر ترقی سے ہم کنار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کی ترویج کیلئے وہ حتی الوسع اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور اس ضمن میں قومی اور عالمی سطح پر ہر فورم کا استعمال یقینی بنائیں گے۔ قبل ازیں اتھارٹی ہیڈکوارٹر آمد پر ڈائریکٹر جنرل برکت اللہ مروت نے انہیں ادارہ سیاحت و ثقافت کی کارکردگی اور اہداف کے حصول پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ مشیر سیاحت نے ادارے کی حسن کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اتھارٹی نئے سیاحتی مقامات کی تلاش، روڈ انفراسٹرکچر کی ترقی، ہوٹلز و ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن کو مربوط بنانے، سیاحتی سرمایہ کاری و آمدن میں اضافے اور مختلف بالائی علاقوں میں کیبل کار و چئیر لفٹ سمیت تمام سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے علاؤہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر عمل درآمد میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری بڑھانے اور سیاحت کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے جبکہ اس راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا جس کیلئے وہ متعلقہ تمام شعبوں کے سربراہان اور ماہرین سے الگ ملاقاتیں اور مشاورت بھی کریں گے۔ آسی طرح وہ وزیراعلی کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھتے ہوئے انکی رہنمائی بھی حاصل کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button