ہزارہ

محکمہ ایکسائز کی نوشہرہ اور ملاکنڈ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں

نوشہرہ میں 72,000 گرام چرس، 3,000 گرام آئس برآمد؛ ملاکنڈ میں 512 گرام چرس کے 70 ٹوکن سمیت اہم ملزم گرفتار

 

خیبر پختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نوشہرہ اور ملاکنڈ میں دو اہم کامیاب آپریشنوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس و آئس برآمد کرلی گئی جبکہ ایک اہم ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خفیہ اطلاع ملنے پر نوشہرہ پشاور جی ٹی روڈ پر محکمہ ایکسائز کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ کارروائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان اور سرکل آفیسر ناصر اقبال خان کی نگرانی میں کی گئی جبکہ عماد خان ایس ایچ او تھانہ ایکسائز مردان ریجن کی ٹیم نے گاڑی نمبر C-4840 کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران 72,000 گرام چرس اور 3,000 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ملاکنڈ میں بھی محکمہ کے متعلقہ افسران کی نگرانی میں ڈاکٹر اذلان اسلم ایس ایچ او تھانہ ایکسائز ملاکنڈ ریجن کی ٹیم نے ایک اہم منشیات فروش گروپ کے خلاف کارروائی کی۔ محکمہ کو خفیہ اطلاع تھی کہ یہ گروہ دریائے سوات کے قریب اراضیات میں کم عمر لڑکوں کو منشیات فروخت کررہا ہے۔
چھاپے کے دوران گروہ کا اہم رکن مسمی نوید ولد زولا خان گرفتار کرلیا گیا جس سے 512 گرام چرس کے 70 ٹوکن برآمد ہوئے جو وہ جائے وقوعہ پر فروخت کررہا تھا۔محکمہ سے موصولہ تفصیلات کے مطابق نوید ولد زولا خان افغان شہری ہے اور اس کے خلاف ضلع ملاکنڈ میں منشیات فروشی اور چوری کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ گروہ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button