ہزارہ

سیکریٹری اطلاعات و کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمن میمن کا نزرت کالج حیدرآباد کا دورہ، بی ایس انگلش پروگرام کے نئے سیکشن کا افتتاح

حیدرآباد،، سیکریٹری محکمہ اطلاعات و کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمن میمن نے نزرت کالج حیدرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے شروع ہونے والے بی ایس انگلش لٹریچر پروگرام کے نئے سیکشن کا افتتاح کیا۔
سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمن میمن نے انگلش، کیمسٹری، بائیولاجی، فزکس لیبس، لائبریری، اور کلاس رومز کا معائنہ کیا، اساتذہ و طالبات سے ملاقات کی اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے علامہ اقبال ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2022 کے سیلاب سے تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کو کافی نقصان پہنچا، تاہم حکومت سندھ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی دور کی جائے گی اور کالجز کے درمیان روابط کو مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں، کیونکہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تاریخ اور عظیم شخصیات کے مطالعے سے طلبہ کو اپنی پہچان مضبوط بنانی چاہیے۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار اور سہولیات میں بہتری ہے۔ کالجز میں جدید مضامین، آئی ٹی اور سائنسی علوم کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی قلت، تنخواہوں کے مسائل اور تعلیمی انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کے لیئے کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر طالبات نے علامہ اقبال شاعر مشرق کی شاعری پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سعیدہ پروین میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالج کی تاریخ، نئے پروگرام، تعلیمی سرگرمیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس انگلش پروگرام میں 60 طلبہ داخلہ لے چکے ہیں، جبکہ کالج میں 23 ڈیپارٹمنٹس، 104 اساتذہ کے علاؤہ 3000 طالبات زیر تعلیم ہیں۔ نزرت کالج کی طالبات نے حالیہ تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کر کے کالج کا نام روشن کیا ہے۔
ڈاکٹر سعیدہ پروین نے مزید بتایا کہ نزرت کالج آئندہ سال اپنی پلاٹینیم جوبلی منائے گا۔ تاہم انہوں نے فزکس، اردو اور جغرافیہ میں اساتذہ کی کمی کی سیکریٹری کو نشاندھی کروائی۔ اس موقع پر پرنسپل نزرت کالج پروفیسر ڈاکٹر سعیدہ پروین میمن، ڈائریکٹر جنرل کالج ایجوکیشن ڈاکٹر نویدالرب صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر کالج ایجوکیشن مصطفیٰ کمال پھٹان، ریجنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ سمیت دیگر افسران موجود تھے- تقریب کے اختتام پر سیکریٹری ندیم الرحمن میمن کو کالج انتظامیہ کی جانب سے سووینئرز پیش کیے گئے، جبکہ انہوں نے اساتذہ اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button