حکومتِ سندھ کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ

حکومتِ سندھ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان پیر کو گورنر ہاؤس پشاور پہنچا دیا گیا۔
امدادی سامان کے ہمراہ صوبائی وزیرِ بحالیات سندھ مخدوم محبوب الزمان، سیکرٹری بحالیات سندھ اختر حسین بگٹی اور ڈائریکٹر جنرل پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ سلمان شاہ سمیت دیگر وفد موجود تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند وزیر اور گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کے پرنسپل سیکرٹری نےحکومتِ سندھ کے وفد کا استقبال کیا۔
امدادی سامان کی باضابطہ فراہمی کے لیے پیر کو گورنر ہاؤس پشاور میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں سندھ کے صوبائی وزیرِ بحالیات مخدوم محبوب الزمان نے امدادی سامان باضابطہ طور پر انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے حوالے کیا۔
اس موقع پر وزیرِ بحالیات سندھ مخدوم محبوب الزمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر امدادی سامان خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے بجھوایا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بھائیوں کے لیے مزید امداد بھی فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
صوبائی وزیرِ بحالیات سندھ مخدوم محبوب الزمان کا مزید کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے فوری امداد کی فراہمی پر حکومتِ سندھ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری سمیت سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سندھ کے محکمہ بحالیات اور انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
امدادی سامان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے بونیر اور صوبے کے دیگر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے امدادی سامان میں 100 فلٹریشن پلانٹ یونٹس اور چار ہزار راشن بیگز شامل ہیں۔


