ہزارہ

جہلم میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

جہلم  جہلم میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ حکومت پنجاب کی سرپرستی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف کے تعاون سے15 سے27 ستمبر تک پہلی بار سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو HPV ویکسین لگائی جائے گی۔یہ بات سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران بتائی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈاکٹر سویرا بخاری گائناکالوجسٹ، ڈاکٹر جواد احمد ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر امجد غفور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایچ آر، ڈاکٹر نثار خالد پروگرام ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر، ڈی ڈی ایچ او جہلم ڈاکٹر مسعود احمد، ڈی ڈی ایچ او دینہ ڈاکٹر ارشاد علی، ڈاکٹر مسعود منور عالمی ادارہ صحت،چو چوہدری محمد نیاز ڈسٹرکٹ ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر ،فوکل پرسن ویکسینیشن پروگرام جنید بشیر کے علاوہ علماء کرام، پشتون نمائندگان، میڈیا ورکرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور یوسی ایم اوز بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر سویرا بخاری نے بتایا کہ سرویکل کینسر(بچہ دانی کا کینسر)سے بچاؤکی ویکسین پہلی بار پاکستان میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو لگائی جائے گی جوکہ کینسر کے خلاف پہلی ویکسین ہے جس کی بدولت خواتین اس موذی مرض سے چھٹکارا پاکرخوشگوار زندگی کی طرف لوٹ سکیں گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد تنویر نے کہا کہ پاکستان دنیا کا 148واں ملک بن گیا ہے جہاں یہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔سرویکل کینسر کے باعث ملک میں ہر سال 3 ہزار سے زائد خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔یہ کینسر کے خلاف پہلی ویکسین ہے جو کم عمر بچیوں کو مستقبل میں اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 76 ٹیمیں سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کریں گی۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا کہ مہم کا مرکزی پیغام ”صحت مند بیٹی، صحت مند گھرانہ” دیا گیا ہے تاکہ والدین اپنی بچیوں کو اس ویکسین کے ذریعے محفوظ مستقبل فراہم کریں۔
سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء نے آگاہی واک بھی کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button