اسلام کی سنہری تعلیمات ہمارے لیے سرچشمہ ء رشد و ہدایت ہیں اور ان پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہی ہم فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں

\خوشاب چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا ہے کہ اسلام کی سنہری تعلیمات ہمارے لیے سرچشمہ ء رشد و ہدایت ہیں اور ان پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہی ہم فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول فار بوائز چک نمبر 44 ڈی بی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔ ڈاکٹر محمد قیوم خان نے والدین اور اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں اسلامی اقدار سے مزین کرنے کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے اسی طرح سے مسجد اور مکتب کا کردار بھی ہمارے اسلامی معاشرے میں بچے کی کردار سازی میں بھرپور اہمیت کا حامل ہے ۔ سی ای او ایجوکیشن نے قبل ازیں ادارہ ہذا میں ڈی ای او اور ڈپٹی ڈی ای او کے ہمراہ سولر پینل کا باقاعدہ افتتاح کیا اور قومی شجرکاری مہم کے تحت سکول کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ دوران تقریب بچوں نے تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو شو پیش کر کے شرکاءے محفل سے خوب داد و تحسین وصول کی ۔ ڈی ای او فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی نے خطاب کرتے ہوءے شاندار الفاظ میں سربراہ ادارہ ہذا ملک ریاض حسین بگھور اور ان کی پوری ٹیم کی حسن کارکردگی کی خوب پذیرائی کی اور تعلیمی لحاظ سے سکول ہذا کے ماحول کو مثالی قرار دیا۔ ہیڈ ماسٹر ملک ریاض حسین بگھور نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے ۔ اس سالانہ پروقار تقریب میں ایکس ڈپٹی ڈی ای او ملک سلطان علی کلو ، ایکس اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد خالد راہداری ، نمبردار چوہدری محمد سلیم اور سوشل ورکر و سینیئر صحافی ایم نوردین سمیت دیگر نمائندہ سماجی شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی ۔ نقابت کے فرائض اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر رنگپوربگھورملک محمد امتیاز نسیم نے بطریق احسن سر انجام دیے ۔


