ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران کا حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل
بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیانات کو بوکھلاہٹ قرار، ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کہا

ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف دیے گئے بیانات دراصل جماعت اسلامی کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزامات، اشتعال انگیز گفتگو اور حقائق کو مسخ کر کے عوام کو گمراہ کرنا جماعت اسلامی کا پرانا وطیرہ رہا ہے۔
گنہور خان اسران کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً کریم آباد انڈر پاس اور دیگر عوامی منصوبوں پر تنقید محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، جس کا مقصد عوامی خدمت کے عمل کو متنازع بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ محدود وسائل کے باوجود شہریوں کی سہولت کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے ریڈ لائن منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا عوامی مفاد کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی لاگت میں اضافہ عالمی معاشی حالات، مہنگائی اور تکنیکی تقاضوں کے باعث ہوا، جسے سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر بے بنیاد الزامات لگانا جماعت اسلامی کی پرانی روش ہے، تاہم عوام اب ایسے بیانات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہو رہی، اسی وجہ سے وہ خائف ہو کر پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور سیاسی مخالفت کے باوجود ترقیاتی کاموں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔



