شرجیل انعام میمن کا ایم کیو ایم پر تنقید، الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا
سینئر وزیر سندھ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان پرانی سیاست اور الزامات کے ذریعے اپنی سیاسی حیثیت برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت عملی ترقیاتی کاموں پر یقین رکھتی ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ، شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات اور فرسودہ سیاسی بیانیے کے ذریعے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے اور آج بھی وہی طرزِ عمل دہرایا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی خودمختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو متنازعہ بنانے کی سب سے زیادہ کوشش خود ایم کیو ایم نے کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی بھی قسم کے پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یلو لائن، شاہراہ بھٹو اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی توجہ سیاسی نعروں کے بجائے ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت پر مرکوز ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ اگر کسی عوامی مقام یا منصوبے کے حوالے سے کوئی قانونی یا انتظامی مسئلہ موجود ہے تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عناصر جو ماضی میں اپنی ناکام اور مفاداتی سیاست کے باعث شہر کے مسائل میں اضافے کا سبب بنتے رہے، آج خود کو عوام کا نجات دہندہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات، مالی وسائل اور قانونی معاونت فراہم کی ہے تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی تمام شہریوں کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو سیاسی عناصر ترقی کے ہر قدم پر تنقید کو اپنا ہتھیار بناتے ہیں، درحقیقت وہ اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور سیاسی مخالفت کے باوجود عوامی فلاح کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔



