عالمیقومی

ماحولیاتی تحفظ کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات، الیکٹرک بسوں کے دائرہ کار میں مزید توسیع کا اعلان

عالمی یومِ ماحولیات پر شرجیل انعام میمن کا پیغام؛ گرین ٹرانسپورٹ منصوبے فضائی آلودگی میں کمی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں

کراچی، 5 جون 2026: عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ماحولیات کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں پہلے مرحلے کے دوران الیکٹرک (ای وی) بسوں کا آغاز کیا گیا، جبکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ماحول دوست ای وی بسیں اور ای وی اسکوٹیز بھی متعارف کروائی گئیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جدید گرین ٹرانسپورٹ نظام نہ صرف عوام کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید سیکڑوں الیکٹرک بسوں کو شامل کرنے کا منصوبہ منظور کیا جا چکا ہے، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ حکومت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کے اہداف کو ایک ساتھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبائی حکومت صاف، محفوظ اور پائیدار ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق گرین ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی۔

 

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button