کینیڈا میں امریکی قونصل خانے پر فائرنگ
نامعلوم کار سوار مسلح افراد نے ٹورنٹو میں امریکی قونصل خانے کی عمارت کو نشانہ بنایا، واقعے کو دہشت گردی قرار دے کر تحقیقات شروع

ٹورنٹو میں واقع ریاستہائے متحدہ امریکہ کا قونصل خانہ ٹورنٹو کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جسے حکام نے دہشت گردی کا ممکنہ واقعہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ علی الصبح ڈاؤن ٹاؤن ٹورنٹو کے علاقے میں پیش آیا جہاں کار سوار افراد نے امریکی قونصل خانے کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور عمارت کے باہر سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو نامعلوم افراد ایک سفید رنگ کی گاڑی میں قونصل خانے کے قریب پہنچے۔ دونوں افراد گاڑی سے اترے اور عمارت کی جانب متعدد گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کے بعد ملزمان دوبارہ گاڑی میں سوار ہوئے اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں قونصل خانے کے مرکزی دروازے اور شیشوں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے وقت عمارت کے اطراف معمول کی سیکیورٹی موجود تھی جس کے باعث فوری ردعمل ممکن ہو سکا۔
کینیڈین حکام نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے زاویے سے دیکھنا شروع کر دیا ہے۔ تحقیقات میں رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس اور مقامی پولیس مشترکہ طور پر شامل ہیں جو واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت جاننے کی کوشش کر رہی ہیں۔
تفتیشی حکام نے حملے میں استعمال ہونے والی مشتبہ سفید گاڑی کی تصویر بھی جاری کر دی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس حوالے سے معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کرے۔
اس واقعے کے بعد کینیڈا کے بڑے شہروں خصوصاً اوٹاوا اور ٹورنٹو میں واقع امریکی اور اسرائیلی سفارتی عمارتوں کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سفارتی مشنز کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ نگرانی کے نظام کو بھی مزید فعال بنا دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



